نئی دہلی، 7 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے گزشتہ دنوں قومی دارالحکومت کے انتظامی نظام کے معاملہ پر سنائے گئے فیصلے کے پس منظر میں بی جے پی کی دہلی اکائی کے صدر ستیش اپادھیائے نے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر نشانہ لگاتے ہوئے آج کہا کہ امید ہے کہ عدالت کے اس فیصلہ سے ان کو سمجھ آئے گی اور وہ وزیر اعظم بننے کی خواہش چھوڑ کر شہر کی ترقی پر توجہ دیں گے۔اپادھیائے نے یہ الزام بھی لگایا کہ کیجریوال اور ان کی عام آدمی پارٹی انارکی کی سیاست کرتی ہے اور اب وزیر اعلی کو کسی آئینی ماہر سے 20-25دن کا کریش کورس کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہاکہ کیجریوال جی وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھتے ہیں۔2014میں اسی خواب کو لے کر وہ وارانسی گئے تھے لیکن عوام نے ان کو مسترد کردیاتھا ۔اب وہ 2019کے خواب دیکھ رہے ہیں، امید کرتے ہیں کہ عدالت کے فیصلے سے ان کو سمجھ آئے گی اور وہ وزیر اعظم بننے کی خواہش چھوڑ کر دہلی کی ترقی پر توجہ دیں گے۔دہلی بی جے پی صدر نے یہ بھی کہاکہ عدالت نے آپ حکومت کے خلاف انتہائی تلخ تبصرہ کیا ہے، ان لوگوں کواپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے، میرا یہ کہنا ہے کہ ان کو وپشینا میں جانے کے بجائے کسی آئینی ماہر سے 20-25دن کا کریش کورس کرنا چاہیے ۔قابل ذکرہے کہ گزشتہ جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں لیفٹیننٹ گورنر کو دہلی کا انتظامی سربراہ بتایا تھا اور کیجریوال حکومت کی جانب سے سی این جی فٹنس گھوٹالے اور ڈی ڈی سی اے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کی تحقیقات کے لیے قائم کئے گئے کمیشن کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔